6 اکتوبر 2016 - 12:38
ایران اور ویٹنام کے صدور کی ملاقات، باہمی تعاون کی توسیع پر تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران اور ویتنام کے صدور نے باہمی دلچسپی کے تمام میدانوں میں تہران اور ہنوئی کے درمیان تعاون کی توسیع اور تقویت پر زوردیاہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر مملکت ڈاکٹرحسن روحانی نے جمعرات کو ہنوئی میں ایران اور ویتنام کے اعلی سطحی وفود کے اجلاس میں کہا کہ مشرقی ایشیا کے ممالک منجملہ ویتنام کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی برقراری ، اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کے اہداف میں شامل ہے -

صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے کہاکہ پچھلے چند برسوں کے دوران تہران اور ہنوئی کے تعلقات میں قابل ذکر حد تک اضافہ ہوا ہے-  انہوں نے کہا کہ ایران مختلف شعبوں منجملہ انرجی ، جدید ٹیکنالوجی ، میڈیکل ، زراعت ، ماہیگیری، آئیل ریفائنری اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس کی تعمیر جیسے میدانوں میں ویتنام کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے -

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور ویتنام کے مشترکہ کمیشن کے آٹھویں اجلاس میں ہونے والے معاہدوں پر جلد سے جلد عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران باہمی تعاون کے مشترکہ کمیشن کے نویں اجلاس کی تہران میں میزبانی کرنے کے لئے تیار ہے -

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اہم بین الاقوامی مسائل میں تہران اور ہنوئی کے مشترکہ نظریات اور اس سلسلے میں باہمی تعاون کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مغرب ، انسانی حقوق جیسے بعض مسائل کو دوسرے ملکوں پر دباؤ ڈالنے کے حربے کے طور پر استعمال کرتاہے - انہوں نے کہا کہ اس قسم کے  دوہرے معیار کا مقابلہ کیا جانا چاہئے -

ویتنام کے صدر "تران دائے کوانگ"   Tran Dai QUANG " نے بھی کہاکہ ان کا ملک تمام میدانوں میں ایران کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے - ویتنام کے صدر نے بین الاقوامی مسائل کا ذکرکرتے ہوئے اس سلسلے میں تہران اور ہنوئی کے درمیان اشتراک نظر اور دوطرفہ حمایت اور تعاون کی ضرورت پر زوردیا -

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز